ڈاکٹر نبیحہ کا دردناک اعتراف

“جب میری شادی وائرل ہوئی تو میں ایسی خوفناک ذہنی دباؤ میں چلی گئی جس کا اندازہ میں خود بھی کبھی نہیں لگا سکتی تھی۔ دلہن اور دلہا کے لیے جو دن خوشی اور محبت کے ہوتے ہیں، میرے لیے وہ ایک ڈراؤنے خواب میں بدل گئے۔ سوشل میڈیا پر برسنے والی تنقید نے مجھے اس قدر توڑا کہ ایک وقت ایسا آیا جب میں نے حارث سے طلاق کے بارے میں سوچا۔ میری ذہنی حالت بُری طرح متاثر ہوئی اور میں ٹوٹ کر رہ گئی۔ صرف میں جانتی ہوں کہ اس پورے معاملے نے مجھے کتنا درد دیا۔ میرے خوشی کے دنوں کو لوگوں نے پچھتاوے میں بدل دیا۔”
ڈاکٹر نبیحہ علی خان—معروف ماہرِ نفسیات، میڈیا پرسن اور سوشل میڈیا ایکٹوِسٹ—اپنی شادی کے بعد ایسی غیر معمولی توجہ کا شکار بنیں جو ان کے لیے خوشی کے بجائے آزمائش ثابت ہوئی۔
ان کا نکاح حارث کھوکھر سے ہوا، جسے مولانا طارق جمیل نے اپنے گھر میں پڑھایا۔ نکاح کی سادگی نے پہلے تو تعریفیں حاصل کیں مگر چند ہی گھنٹوں میں پورا معاملہ سوشل میڈیا پر بڑی بحث بن گیا۔
اصل تنازع اس وقت شروع ہوا جب نبیحہ اور حارث نے اپنے نکاح اور دلہن کے لباس و زیور کی قیمت کا ذکر کیا۔ چند لمحوں میں تعریفیں تنقید میں بدل گئیں اور ان پر طنز، طعنے اور سخت تنقید کی لائن لگ گئی۔ جہاں دو لوگ اپنی نئی زندگی کا آغاز کرتے ہیں، وہاں نبیحہ کے لیے یہ لمحے شدید ذہنی آزمائش بن گئے۔
