بورےوالا میں گونگے بہرے بچے کا قتل، حقیقی چچا قاتل نکلا

بورےوالا کے نواحی گاوں 461 ای بی میں گونگے بہرے معصوم بچے کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ دو روز قبل لاپتہ ہونے والے بچے کی نعش گزشتہ روز گاوں کے قبرستان سے ملی تھی جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ پولیس کی تیز رفتار کارروائی کے بعد معلوم ہوا کہ بچے کا قاتل اس کا حقیقی چچا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول بچے نے اپنے چچا کو اپنی والدہ کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا۔ راز فاش ہونے کے خدشے پر ملزم اعجاز ولد عبدالستار نے بچے کو قتل کر کے نعش قبرستان میں پھینک دی۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ بچے کی والدہ بھی اس جرم میں شریک تھی۔
ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور ایس ایچ او تھانہ صدر زبیر سندھو کی ٹیم کے ساتھ کئی گھنٹے کی محنت کے بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا، تاہم قاتل کا سراغ لگانے پر شہریوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔