کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد شدید زخمی

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر گزشتہ رات پیش آنے والے دل خراش ٹریفک حادثے نے ایک خوشحال گھر کو ماتم کدہ بنا دیا۔ ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار 22 سالہ ماہ نور اور اس کا 14 سالہ بھائی احمد رضا موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے والد شاکر ولد صلاح الدین شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
اہلِ خانہ کے مطابق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی طے تھی اور گھر میں جہیز کی تیاری زور و شور سے جاری تھی، لیکن ایک لمحے میں سب خواب بکھر گئے۔ زخمی والد کو اب تک اس سانحے کی اطلاع نہیں دی گئی کہ ان کے بیٹے اور بیٹی دونوں چل بسے ہیں۔ چچا ذاکر کے مطابق شاکر کے دماغ پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ ملیر سے گھر واپس جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کے باعث ہونے والے ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید معصوم جانیں ضائع نہ ہوں۔