ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا خوفناک واقعہ ،15جاں بحق
نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی شہر نیواورلینز میں تیز رفتار گاڑی اچانک ہجوم پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو اورلیئنز کے میئر نے واقعہ کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا ہے، محکمہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے بتایا کہ واقعے میں دو پولیس افسران بھی نشانہ بنے، جبکہ دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔
پولیس سربراہ نے بتایا تھا کہ واقعہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کررہے ہیں، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جائے حادثہ سے مکمل طور پر دور رہیں۔
گورنر لوئیسیانا جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ بوربون اسٹریٹ میں خوفناک واقعہ پیش آیا، متاثرین کے لیے دعاگو ہیں، جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہیں، شہری وہاں جانے سے گریز کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ نیواورلیئنز میں نئے سال کا جشن منانے کے بعد شہر میں کالج کے فٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مقابلے آل اسٹیٹ باؤل کے آغاز سے چند گھنٹے پہلے پیش آیا جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوسری جانب لوگوں پر گاڑی چڑھانے والے شخص کی شناخت شمس الدین جبار کے نام سے ہوئی ہے۔ایف بی آئی کے مطابق بیالیس سالہ ڈرائیور شمس الدین جبار امریکا میں پیدا ہوا اور اس کا تعلق ٹیکساس سے تھا۔ عبدالجبار فوج میں بھی ملازم رہ چکا تھا۔
ملزم شمالی کیرولائنا میں بھی مقیم رہا اور اس نے ملزم نے سال نو کے آغاز پر گاڑی لوگوں پر چڑھائی، ۔ گاڑی سے اتر کر پولیس پر بھی فائرنگ کی۔ ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔ایف بی آئی کے مطابق ملزم کی گاڑی سے داعش کا جھنڈا، ہتھیار اور بارودی ڈیوائس بھی برآمد ہوئی۔ایف بی آئی نے بھی واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔