سولر پینل کی قیمت میں 9 سے 10 ہزار روپے کی کمی، بیٹری کے ریٹ بھی گرگئے

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد اس کے مثبت اثرات سولر انڈسٹری پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے متبادل توانائی کی جانب آنے والے صارفین کو ریلیف مل رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ٹرانسپورٹیشن اور سپلائی لاگت کم ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف صلاحیت کے سولر پینلز کی قیمتوں میں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ مزید نیچے آتے رہے تو آنے والے دنوں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب سولر سسٹمز کے ساتھ استعمال ہونے والی بیٹریوں کے حوالے سے بھی مثبت اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہنگائی کی لہر کے دوران بیٹریوں کی قیمتوں میں 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، تاہم اب ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیداواری اور ترسیلی اخراجات کم ہونے کی توقع ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ ہفتوں میں بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو سکتی ہے، جس سے سولر سسٹم لگوانے کے خواہشمند افراد کو مزید فائدہ پہنچے گا۔
