pakistan

لاہور میں دوستوں نے دوست کو دعوت پر بلا کر چھت سے دھکا دے کر قتل کردیا

لاہور کے تھانہ کاہنہ کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چند روز قبل دوستوں نے اپنے ہی دوست کو دعوت پر بلا کر تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ شرجیل کے نام سے ہوئی، جو شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ تھا۔ مقتول کے بھائی عمران زوار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں ریحان ڈوگر، جمشید گجر سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی کے مطابق ملزمان نے شرجیل کو دعوت پر بلا کر تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کیا۔ واقعے کے بعد ملزمان نے ضمانت کرالی ہے۔ شرجیل کا قریبی دوست ریحان ڈوگر، جو وکالت کی تعلیم حاصل کر رہا ہے اور اس کا والد پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہے، اہل خانہ پر صلح کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

تاہم مقتول کے ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان کے بیٹے کے قاتل گرفتار نہیں ہوتے، وہ کسی صورت صلح نہیں کریں گے اور انصاف کے حصول کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *