گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج جہلم کی پرنسپل رخشندہ بتول نے چہارم درجے کے ملازم کے ساتھ۔۔۔

گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج جہلم کی پرنسپل میڈم رخشندہ بتول نے اپنے کالج کے درجہ چہارم کے ایک ملازم کے لئے کیا خوبصورت عبارت تحریر کی ہے۔دل چاہتا ہے بار بار پڑھیں
درجہ چہارم کی بھرتیوں میں سب سے زیادہ خدشات مجھے تبارک کو لے کر تھے۔ مجھے لگتا تھا یہ دبلا پتلا لڑکا کیا خاک کام کرے گا ۔ جیسے جیسے تجربہ بڑھتا جا رہا ہے میں اپنی رائے کو زیادہ اہمیت دینے لگ گئی ہوں ۔ تبارک کے ساتھ تین سال کام کر کے میرا خیال ہے کہ اداروں کو بڑی ڈگریاں یا اونچے لمبے لوگ نہیں چلاتے بلکہ خلوص چلاتا ہے ۔ میری ٹیم میں سب سے ایماندار اور بھلا آدمی تبارک ہے۔ پچھلے تین سال میں مجھے نہیں یاد پڑتا کہ کوئی کام کہا ہو اور وہ کام اس کے فرائض میں آتا ہو یا نہیں اور جواب نہ میں آیا ہو ۔ خصوصاً ان دنوں جب کالج میں کوئی پروگرام ہو اور شام ہو جائے اور میں صبح کے لیے کھپ رہی ہوں تو گیٹ کھولتے ہوئے تبارک کہتا ہے ،” میڈم جی تسی بے فکر ہو کے جاؤ ” ۔ آج کل بھلا یہ کون کہتا ہے سبھی تو فکریں دینے والے ہوتے ہیں ۔
آج تبارک کی شادی ہے ایک میٹنگ کی وجہ سے شادی تو نہیں اٹینڈ کر سکی لیکن رات کچھ دیر کے لیے مہندی پر گئی ۔ راستہ نہیں معلوم تھا تو دولہا سڑک تک خود لینے آیا۔ اس کی پھوپھیوں اور مامیوں نے مجھے اتنی چمیاں دیں کہ واپسی تک میرا ایک نیا ہیئر سٹائل بن چکا تھا ۔ واپسی پر سب خواتین مجھے گاڑی تک چھوڑنے آئیں۔ میرے دیے ہوئے تھوڑے سے سلامی کے پیسے بھی اس کی امی لوٹانا چاہتی تھیں کیونکہ ان کے لیے میرا آ جانا ہی کافی تھا اور یہ ان سب کے چہروں پر لکھا ہوا تھا۔ ڈھولکی پر بھی وہ چاہ رہی تھیں کہ میں “بڑی میڈم” کرسی پر بیٹھوں لیکن بھلا آلتی پالتی مارے بغیر ڈھول کیسے بجایا جا سکتا ہے اور میرے اندر کی میراثن دولہے کا سہرا گانے کو بےتاب تھی لیکن وہ سب مجھ سے ٹپے سننا چاہتی تھیں۔ بس پھر غلط سلط ،بے سُرا جو بھی آتا تھا سب گایا ۔

بھئی میں کہتی ہوں کہ یہ جو آپ محبت نہ ملنے کا رونا روتے ہیں اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ آپ اپنے سے اونچے لوگوں کے پیچھے بھاگتے پھرتے ہیں۔ ان پر تو آپ اپنی ساری جمع پونجی، سارا وقت بھی لٹا دیں تو انہیں بھلا کیا فرق پڑتا ہے ۔ ان کی گردن کا سریا آپ کو کہیں نہ کہیں ان کی اور آپ کی اوقات دکھا دے گا۔ اپنے جیسوں میں اٹھنا بیٹھنا شروع کریں ان کے دکھوں اور خوشیوں میں شریک ہوں پھر دیکھیے گا محبت کیسے نور بن کر آپ کے چہرے پر کھلے گی۔ اور کوشش کریں کہ یہ بات جلدی سمجھ جائیں ایسا نہ ہو کہیں دیر ہو جائے اور محبت آپ کے گھر کا راستہ بھول جائے ۔
جیتے رہو بھائی، وش یو آل دا لک۔

رخشندہ بتول