رکشے اور ہوائی جہاز میں تصادم، 4 افراد ہلاک
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سوڈان میں طیارے اور رکشے کے درمیان تصادم میں چار افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی ریاست القضارف میں ایک کچے رن وے پر موجود طیارہ وہاں پر موجود رکشے سے ٹکرا گیا، واقعے پر مقامی باشندوں میں حیرت اور خوف کی لہر دوڑ گئی۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سپرے کرنے والاطیارہ تل کی کٹائی کرنے والے کارکنوں کو لے جانے والے رکشے سے ٹکرا گیا،حادثے کے وقت طیارہ الفشقہ الکبریٰ کے علاقے میں مٹی کے رن وے پر اتر رہا تھا،تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار 4افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو علاج کے لیے کسلا ہسپتال منتقل کیا گیا ،طیارے کا یوکرینی پائلٹ، اس کا معاون اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔ ریاست القضارف میں پیداوار اور اقتصادی وسائل کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل عمار عبداللہ نے وضاحت کی کہ طیارہ پرندوں سے نمٹنے کے مشن پر تھا، جیسے ہی یہ لینڈنگ کے قریب پہنچا تو پائلٹ کو رن وے پرایک رکشہ دکھائی دیا، یہ سب کچھ اچانک ہوا تھا، ایسے لگ رہا تھا کہ رکشہ اچانک زمین کے اندر سے باہر نکل آیا ہے۔