شک، جھگڑا اور خونریز انجام… قصور میں پیش آنے والے واقعے نے سب کو ہلا دیا

قصور میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ پولیس کے مطابق علی رضا نامی شخص کے اپنے مالک مکان کی شادی شدہ بیٹی مریم کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک روز علی رضا کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلا، مگر اس کی بیوی اقرا کو پہلے ہی اس پر شک تھا۔ وہ گھر کی کھڑکی سے دیکھ رہی تھی کہ اس کا شوہر باہر جانے کے بجائے اسی عمارت کے اوپر والے پورشن میں چلا گیا، جہاں مالک مکان کی شادی شدہ بیٹی مریم رہتی تھی۔ گھر کی ترتیب کے مطابق مالک مکان نچلے پورشن میں رہتا تھا جبکہ درمیان والا حصہ کرائے پر دیا گیا تھا۔
شوہر کو اوپر جاتے دیکھ کر اقرا فوراً اس پورشن کے دروازے پر پہنچ گئی اور دستک دی۔ دروازہ کھلنے پر اس نے مریم سے کہا کہ اس کا شوہر اندر آیا ہے اور اسے باہر بھیجا جائے، تاہم مریم نے اس بات کی تردید کی۔ اس پر اقرا زبردستی اندر داخل ہو گئی، جہاں اس نے علی رضا کو کمرے میں موجود دیکھا۔
اسی دوران جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور غصے میں آ کر علی رضا نے مبینہ طور پر چھری کے وار کر کے اپنی بیوی کو شدید زخمی کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکی۔ بعد ازاں ملزم نے خود ہی پولیس کو فون کر کے واقعے کی اطلاع دی اور گرفتاری دے دی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
