دونوں میں تکرار ہوئی، ثنا نے کہا: “غصہ نہ کرو، میں پانی لاتی ہوں۔” مگر بحث بڑھ گئی تو ثنا بولی: “گھر سے چلے جاؤ

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں چترال سے تعلق رکھنے والی نوعمر ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو اس کے ٹک ٹاکر دوست نے ہی گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور ملزم کو بعدازاں فیصل آباد سے تحویل میں لے لیاگیا جس کی شناخت عمر حیات عرف کاکا کے نام سے ظاہر کی گئی اور اب واردات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ملزم عمر حیات عمر کاکا بھی ٹک ٹاکر ہے ، گزشتہ روز قتل کے بعد اپنا یوزر آئی ڈی چینج کیااور پولیس اس حوالے سے بھی تحقیقات کررہی ہے، ایسے وقت کا انتخاب کیا جب فیملی گھر پر موجود نہیں تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لڑکی سے رابطے میں تھا،مقتولہ کی والدہ سامان لینے بازار گئی ہوئی تھی، والد اوربھائی بھی گھر پر موجود نہ تھے البتہ دوسرے کمرے میں پھوپھو موجود تھیں ۔
رپورٹ کے مطابق “ثنا کی پھوپھو کا کہنا ہے دونوں میں تکرار ہوئی ثنا نے کہا غصہ نہیں کرو میں پانی لاتی ہوں،اس دوران تکرار زیادہ بڑھی تو ثنا نے کہا کہ گھر کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں کچھ ہوا تو تم ذمہ دار ہو ں گے،ملزم نے سب باتیں ہوا میں اڑاتے ہوئے ثنا پر فائرنگ کر دی، دو فائر کی انہوں نےآواز سنی۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نہ صرف گھر پہنچا بلکہ دوسری منزل پر مذکورہ فیملی قیام پذیر تھی اور سیڑھیاں چڑھ کر ملزم وہاں تک پہنچاجہاں دونوں کے درمیان بات چیت ہوئی اور مقتولہ نے ملزم کو موقع سے جانے کو کہا اور یہی باتیں پھوپھونے سنیں جو انہوں نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتائی ہیں، ملزم نے پھر فائر کیے جو مقتولہ کو لگے، اس کے بعد باہر نکلتا ہے اور گلی کے کونے سے دوڑنا شروع کردیتا ہے جس سے شبہ ہوتا ہے کہ ملزم کے پاس پہلے سے کوئی گاڑی موجود تھی ، پھر کشمیرہائی وے سے ہوتا ہوا بذریعہ موٹروے فیصل آباد گیا جہاں روپوش ہوگیا لیکن بالآخر پکڑاگیا جس نے ابتدائی طور پر واردات کا اعتراف بھی کرلیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیاگیا ہے اور اسلام آباد منتقلی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ یادرہے کہ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنےآگئی جس میں وہ بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تھا