دوسری شادی کا انجام: شوہر نکلا نوسر باز، 50 لاکھ کا نقصان

کراچی میں ایک خاتون کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دوسری شادی اس کے لیے عذاب بن گئی۔
خاتون نے چند سال قبل ایک ایسے شخص سے شادی کی جو بظاہر ملازمت پیشہ تھا، مگر شادی کے کچھ عرصے بعد ہی نوکری سے فارغ ہوگیا۔
خاتون نے ہمدردی کے جذبے کے تحت اس کے اخراجات برداشت کرنا شروع کیے، مگر جلد ہی شوہر نے کاروبار کے بہانے لاکھوں روپے ہتھیا لیے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق شوہر نے ایکسرسائز جم کھولنے کے نام پر 15 سے 20 لاکھ روپے لیے، لیکن کاروبار شروع کرنے کے بجائے رقم غائب کردی۔
بعد ازاں ایک روز خاتون کے دفتر میں موجود ہونے کے دوران شوہر گھر سے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگیا، جس کی مالیت لاکھوں میں بتائی گئی۔
شوہر فرار ہونے کے بعد موبائل فون، واٹس ایپ اور دیگر تمام رابطے منقطع کر کے روپوش ہوگیا۔
خاتون کے مطابق اسے مجموعی طور پر تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، لیکن پولیس کی بے حسی کے باعث اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔
