اسلام آباد: ماں کا آپریشن کرا کر گھر لوٹتے تین بیٹے راستے میں حادثے کا شکار

چشمہ روڈ پر ایک المناک حادثے نے پورے خاندان کی خوشیاں ماتم میں بدل دیں۔ اسلام آباد میں ماں کا آپریشن کرا کر تین بیٹے اپنی والدہ کو لے کر ڈیرہ اسماعیل خان واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کا حادثہ پیش آ گیا۔ حادثے میں ماں، اس کے تینوں بیٹے اور گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے بعد علاقے میں غم کی فضا چھا گئی، اور ایک ہی گھر سے بیک وقت چار جنازے اٹھنے پر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ اہل علاقہ اور رشتہ داروں نے کہا کہ یہ خاندان اپنی ماں کی صحت کے لیے اسلام آباد گیا تھا، مگر واپسی پر ان کی لاشیں ہی واپس آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ مقامی افراد نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔