pakistan

اداکارہ حمیرا اصغر کی پُراسرار موت، تحقیقات نیا رخ اختیار کر گئیں

کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کی پُراسرار ہلاکت کی تفتیش میں اُس وقت نیا موڑ آیا جب اُن کے فلیٹ سے 5 مٹی کے برتنوں میں موجود سفید پاؤڈر نے تفتیش کاروں کو الجھا دیا۔

تفتیشی ٹیم نے ماہر ڈاکٹرز اور فارنزک ماہرین کے ساتھ حمیرا کے فلیٹ کا دوبارہ معائنہ کیا۔ ڈیڑھ گھنٹے کی باریک بینی سے کی گئی تلاشی میں سورج کی روشنی میں ہر کونے کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ سفید پاؤڈر ممکنہ طور پر نمک بھی ہو سکتا ہے جو سوکھ چکا ہے، تاہم اس کی فارنزک جانچ کے لیے 6 مختلف سیمپلز حاصل کر لیے گئے ہیں۔

پاؤڈر بیڈ روم اور لاش والے کمرے کے باہر مٹی کے برتنوں میں رکھا ہوا تھا، اور ماہرین کے مطابق فلیٹ میں اس طرح سفید پاؤڈر یا نمک کا رکھا جانا غیر معمولی بات ہے جس کی جانچ جاری ہے۔

تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے اسی پاؤڈر کی وجہ سے لاش کی بدبو باہر نہ پھیل سکی ہو، تاہم اصل حقیقت کیمیکل تجزیے کی رپورٹ آنے پر ہی سامنے آئے گی۔

حکام اس بات کی بھی کھوج میں ہیں کہ کئی ماہ پرانی لاش کی بدبو محلے میں کیوں محسوس نہیں ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *