pakistan

سوات: دریا میں طغیانی، 18 سیاح پانی میں بہہ گئے، 7 کی لاشیں برآمد

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے بعد دریائے سوات میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں 15 سیاح سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک سات افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ باقی افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تیز بارشوں کے باعث دریا کا پانی مسلسل بلند ہو رہا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد ایک ہی خاندان کے تھے، جو سیر و تفریح کے لیے سوات آئے تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بائی پاس ریلکس ہوٹل کے قریب 10 سے زائد افراد ڈوبے جبکہ انگرو ڈھیرئی سے تین لاشیں ملی ہیں۔ امام دھیرئی سے 22 افراد کو بحفاظت نکالا گیا، غالیگے سے ایک لاش ملی جبکہ سات افراد کی تلاش جاری ہے۔

برا باما خیلہ مٹہ سے 20 سے 30 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ مانیار میں 7 اور پنجیگرام میں ایک فرد کی بحفاظت بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی تک صوبے کے کئی علاقوں میں مزید موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے شمالی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ بھی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سوات، چترال، دیر اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر دریا معمول کے مطابق ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *